Current News
صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ کوٹلی میرا نا قابل تسخیر سیاسی قلعہ ہے کوٹلی کے غیور عوام نے ہر کڑے وقت میں پوری جرات سے میرا ساتھ دیا ہے
صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ کوٹلی میرا نا قابل تسخیر سیاسی قلعہ ہے کوٹلی کے غیور عوام نے ہر کڑے وقت میں پوری جرات سے میرا ساتھ دیا ہے۔کوٹلی کے اندر آج ایک مرتبہ پھر عوام نے میرا والہانہ استقبال کر کے اپنی ماضی کی روایات کو ذندہ کر دیا ہے۔آج اہلیان کوٹلی نے جس محبت کا اظہار کیا اسے ہمیشہ یاد رکھوں گا۔کوٹلی کی عوام کے ساتھ میرا تعلق اور میری دلی وابستگی بڑی پرانی ہے تحریک آزادی کشمیر کی جدو جہد ہو یا عوامی حقوق کی جدوجہد ہو کوٹلی کی عوام ہمیشہ ہراول دستے کی طرح میرے شانہ بشانہ رہی ہے انشا ء اللہ کوٹلی کی عوام کے ساتھ یہ تعلق اور یہ وابستگی مستقبل میں بھی قائم رہے گی۔آج میں کیپٹن صدر الدین کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے کوٹلی آیا ہوں وہ میرے جانثار ساتھی تھے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ان کا نام لیتے ہوئے میری آنکھوں میں آنسو آ جاتے ہیں میں اب پوری قوت سے میدان عمل میں آ چکا ہوں۔میں مظفرآباد، باغ،راولاکوٹ سے ہو کر ادھر آیا ہوں ہر جگہ لوگوں میں میں نے نیا جوش اور ولولہ دیکھا ہے کوٹلی کے تمام حل طلب مسائل حل کریں گے کوٹلی کی چھوٹی بڑی سڑکات کی تعمیر ترجیحی بنیادوں پر کی جائے گی۔ہماری حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے حکومت نے حالیہ دنوں میں 80 کروڑ سے زائد مالیت کے ہیلتھ پیکچ کی منظوری دی ہے اس تاریخی ہیلتھ پیکچ سے صحت کے شعبہ میں انقلابی تبدیلیاں رونما ہوں گی عوام کو شعبہ صحت سے متعلقہ شکایات کا ازالہ ہو گا اس ہیلتھ پیکچ سے سینکڑوں افراد کو نئی ملازمتیں بھی میسر آئیں گی۔جلد ہماری حکومت تعلیم کے شعبہ میں بہتری لانے کے لیے تعلیمی پیکچ کا اعلان کرنے جا رہی ہے یہ تعلیمی پیکچ آزاد کشمیر میں شعبہ تعلیم میں انقلابی تبدیلیاں لائے گا میں نے اپنے دور حکومت میں تاریخ ساز تعلیمی پیکچ دیا تھا اس پیکچ میں چار سو سے زائد نئے ادارے قائم کیے گئے جس سے ریاست کے اندر جہاں تعلیمی ادارے قائم ہوئے وہیں سینکڑوں افراد کو ملازمتیں بھی میسر آئیں۔ان خیالات کا اظہار صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کوٹلی میں مئیر میونسپل کارپوریشن کوٹلی چوہدری محمد تاج کی رہائش گاہ کیپٹن ہاؤس منڈی پیراں کوٹلی کے مقام پر منعقدہ بہت بڑے جلسہ عام سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل جب صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری جلسہ عام میں پہنچے تو ان کا صدارتی مشیر چوہدری محمد محبوب ایڈووکیٹ اور مئیر بلدیہ کوٹلی چوہدری محمد تاج کی قیادت میں والہانہ استقبال کیا گیا جلسہ گاہ پہنچنے پر صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے نوجوانوں نے استقبال کیا اس موقع پر صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور آتش بازی بھی کی گئی۔ کوٹلی کی فضائیں اس موقع پر بیرسٹر سلطان ذندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھیں۔اس موقع پر وکلاء،میڈیا نمائندگان اور سول سوسائٹی کے دیگر طبقات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔جلسہ عام کی میزبانی کے فرائض مئیر میونسپل کارپوریشن کوٹلی چوہدری محمد تاج نے کی جبکہ صدارت کے فرائض صدارتی مشیر چوہدری محمد محبوب نے سر انجام دئیے۔جلسہ عام سے وزیر مال چوہدری اخلاق، وزیر ہائیر ایجوکیشن ملک ظفر، صدارتی مشیر چوہدری محمد محبوب،مئیر میونسپل کارپوریشن کوٹلی چوہدری محمد تاج،چیئرمین ضلع کونسل کوٹلی جاوید غفور،چیئرمین زکوٰۃ ضلع کوٹلی چوہدری وسیم مصطفوی، چوہدری نسیم،طارق بشیر،عبدالسلام عارف ایڈووکیٹ،چوہدری رزاق ایڈووکیٹ،سابق جج چوہدری اسحاق،چوہدری منظور اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کا نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کا سلسلہ پوری قوت سے جاری ہے۔ پانچ اگست 2019 کو بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر کی جو لہر شروع کی تھی وہ تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔گزشتہ تین دھائیوں میں مقبوضہ کشمیر میں تقریباً ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا جاچکا ہے، بھارتی فوج نے لاکھوں کی تعداد میں کشمیری قید کیے اور اب تک 23 ہزار سے زائد خواتین بیوہ اور 1 لاکھ سے زائد بچے یتیم ہوچکے ہیں۔ حریت رہنماؤں کو پابند سلاسل کیا جا چکا ہے۔ان زہرہ گداز حالات میں ہر کشمیری پر یہ فرض بنتا ہے کہ وہ ہر فورم پر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے حق میں آواز بلند کرے۔کوٹلی کی سرزمین پر کھڑے ہو کرہم ایک مرتبہ پھر مقبوضہ کشمیر کی عوام کو اس بات کا یقین دلاتے ہیں کہ ہم مودی کا مکروہ چہرہ دنیا بھر میں بے نقاب کرنے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ہر محاذ اور ہر فورم پر مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف آواز بلند کی جائے گی انشاء اللہ تحریک آزادی کشمیر جلد کامیاب ہو گی۔میں جلد بین الاقوامی دورہ پر جا کر کشمیر ایشو کو ایک مرتبہ پھر عالمی سطح پر اجاگر کروں گا۔غزہ اس وقت اسرائیل کی بدترین بمباری کے بعد کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے اس پر عالمی قوتوں کی خاموشی اتنی ہی قابل مذمت اور تشویشناک ہے جتنے اسرائیل کے مظالم قابل مذمت ہیں۔ 7 اکتوبر کو فلسطینیوں پر اسرائیلی ظلم و بربریت کی جو لہر شروع ہوئی اسے اب ایک برس سے زائد عرصہ بیت چکا ہے اس سارے عرصے میں اسرائیل نے بین الاقوامی اداروں کی فلسطین کے حق میں قراردادوں،سلامتی کونسل کی قراردادوں اور دیگر انسانی حقوق کے قوانین کی دھجیاں اڑا کر رکھ دی ہیں۔اگر اس تنازعہ کا پر امن حل نہ تلاش کیا گیا تو اس خطے میں خوفناک جنگ چھڑ سکتی ہے۔
--------------------------------------------------------------